نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ( این ای او سی ) نے دریائے چناب اور راوی میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا، منڈی بہاء الدین کی تحصیل پھالیہ میں سیلابی پانی سے 140سے زائد دیہات ڈوب گئے، حکومت پنجاب کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے سیلاب کی پیشگوئی کرنے والے شعبے ’ فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن’ کے مطابق آج شام 6 بجے تک دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند رہی جہاں بہاؤ دولاکھ 17 ہزار 660 کیوسک ریکارڈ ہوا۔
ہیڈ بلوکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا جہاں پانی کی سطح ایک لاکھ چار ہزار 435 رہی، جبکہ جسر کے مقام پر 99 ہزار 470 کیوسک کے ساتھ درمیانےدرجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند رہی اور بہاؤ دو لاکھ 61 ہزار 53 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ تاہم ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی سطح ایک لاکھ 13 ہزار 124 کیوسک ریکارڈ کی گئی اور سیلاب درمیانے درجے پر رہا، جبکہ ہیڈ اسلام پر پانی کی سطح 52 ہزار 706 کیوسک ریکارڈ کی گئی اور سیلاب نچلے درجے کا رہا۔
اسی طرح دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر انتہائی بلند درجے کا سیلاب ہے، تاہم پانی کی سطح میں کمی آئی ہے، پانی کی سطح کم ہو کر پانچ لاکھ 34 ہزار 409 کیوسک رہی، قبل ازیں یہاں پانی کی سطح 6 لاکھ 60 ہزار 20 کیوسک ریکارڈ کی گئی تھی۔