او جی ڈی سی نے خیرپور، سندھ سے گیس کی پیداوار شروع کر دی
سہتو-1 ایکسپلورٹری کنویں سے یومیہ6 ملین مکعب اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔ ترجمان او جی ڈی سی
اسلام آباد، 23 جون 2026: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع کھواڑی ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت سہتو-1 ایکسپلورٹری کنویں سے گیس کی پیداوار کامیابی کے ساتھ شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق، سہتو-1 کنویں سے گیس کی دریافت کا اعلان 26 مارچ 2026 کو کیا گیا تھا۔ مذکورہ کنواں اس وقت یومیہ 6ایم ایم سی ایف ڈیگیس پیدا کر رہا ہے جبکہ پیداواری صلاحیت میں مزید اضافے کے لیے توسیعی منصوبے بھی جاری ہیں۔
واضع رہے دریافت شدہ گیس کو جلد تجارتی بنیادوں پر استعمال میں لانے کے لیے او جی ڈی سی نے 6 انچ قطر اور 5 کلومیٹر طویل فلو لائن بچھائی ہے، جو کنویں کو سلیمان گیدرنگ فیسلٹی سے منسلک کرتی ہے۔ وہاں سے گیس کو مزید پراسیسنگ کے لیے سنجھورو پلانٹ منتقل کر کے پراسیس شدہ گیس سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ(ایس ایس جی سی ایل) کے نیٹ ورک میں شامل کر دی گئی ہے۔
سہتو-1کنواں سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع ہے۔ کھواڑی ایکسپلوریشن لائسنس میں او جی ڈی سی بطور آپریٹر75 فیصد جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کا 25 فیصد حصہ ہے۔ سہتو-1 کنویں سے پیداوار کا آغاز او جی ڈی سی کی جانب سے مقامی ہائیڈروکاربن وسائل کے بہتر استعمال، درآمدی ایندھن پر انحصار میں کمی اور ملکی توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔









