کراچی: حکومتِ سندھ کے ادارے سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS-1122) نے اورنگی ٹاؤن میں اپنے نئے ایمرجنسی آپریشنل بیس کا افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ حکومتِ سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) اور SIEHS-1122 کے باہمی تعاون سے مکمل کیا گیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب تھے، جبکہ تقریب میں برگیڈیئر طارق قادر لکھیار (ر)، چیف ایگزیکٹو آفیسر SIEHS-1122، مقامی منتخب نمائندوں، معززینِ علاقہ، سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
SIEHS-1122 کا یہ آپریشنل بیس پہلے کٹی پہاڑی میں قائم تھا، جسے اب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ نئی جگہ پر، بنارس کے قریب منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس نئی جگہ کے انتخاب کا مقصد اورنگی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کی رفتار اور رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ ایمبولینسیں ٹریفک اور رش والے علاقوں میں بھی کم سے کم وقت میں مریضوں تک پہنچ سکیں۔
یہ منصوبہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ جس عمارت میں نیا آپریشنل بیس قائم کیا گیا ہے، وہ کئی برسوں سے غیر فعال تھی۔ SIEHS-1122 نے اس جگہ کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے مکمل فعال ایمرجنسی مرکز میں تبدیل کیا ہے، جہاں ISO 9001:2015 کے عالمی معیار کے مطابق چوبیس گھنٹے مفت پری ہاسپٹل ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر فعال سرکاری اثاثوں کو عوامی خدمت کے مراکز میں تبدیل کرنا حکومتِ سندھ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں مؤثر اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی انتہائی ضروری ہے، اور SIEHS-1122 کے ساتھ مل کر شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور SIEHS-1122 کے باہمی تعاون سے یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کراچی کے ہر شہری کو بروقت، معیاری اور باوقار ایمرجنسی طبی سہولت میسر آئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برگیڈیئر طارق قادر لکھیار (ر)، چیف ایگزیکٹو آفیسر SIEHS-1122 نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک اسٹیشن کی منتقلی نہیں بلکہ عوام کو ان کی دہلیز کے قریب بہتر ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک غیر استعمال شدہ سرکاری جگہ کو جدید ایمرجنسی آپریشنل بیس میں تبدیل کرنا اس بات کی علامت ہے کہ عوامی وسائل کو مؤثر انداز میں عوام کی خدمت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی جگہ کی بدولت SIEHS-1122 کی ٹیمیں اورنگی ٹاؤن اور کراچی ویسٹ کے مختلف علاقوں میں پہلے سے زیادہ تیزی، مؤثر انداز اور بہتر ہم آہنگی کے ساتھ خدمات انجام دے سکیں گی۔ انہوں نے حکومتِ سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ منصوبہ ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ KMC اور SIEHS-1122 کے درمیان یہ اشتراک کراچی میں ایمرجنسی سروسز کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کے مزید منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ SIEHS-1122 اس وقت سندھ کے تمام 30 اضلاع میں 627 سے زائد ایمرجنسی گاڑیوں کے ذریعے چوبیس گھنٹے مفت پری ہاسپٹل ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کر رہا ہے اور صوبے بھر میں ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
آخر میں ادارے نے کراچی کے مخیر حضرات، صنعت کاروں، کاروباری برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ مفت ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔










