پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کسی سیاسی لیڈر کی اقتدار کی خواہش پاکستان سے بڑھ کر نہیں، 9 مئی سے جڑے منصوبہ سازوں کو سزاؤں تک انصاف نہیں ہوگا، انصاف کا سلسلہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانے تک جاری رہے گا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، 5 سال کے مقابلے میں اس سال سب سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے، افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں۔
نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔
انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز
جنرل احمد شریف نے بتایا کہ پاکستان نے 59,000 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر 169 سے زائد آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولا بارود بھی پکڑا گیا ہے۔