اسلام آباد: 26 ویں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے مشاورت کا عمل تیز ہوگیا ہے، آئینی ترمیم پر اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہونے کے بعد پی ٹی آئی کا وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر جا پہنچا، جہاں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پرمولانا فضل الرحمان کواعتماد میں لیا گیا، پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا۔ پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آئینی ترامیم پرمشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں بتایا کہ بانی چئیرمین نے پیر تک آئینی ترامیم پر مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔
پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان کے گھر وزیر داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو اور اسحاق ڈار نے ڈیرہ جمایا، اخترمینگل بھی مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے بھی بلاول سے مشاورت کیلئے کل تک کا وقت مانگ لیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے بلاول کو کہا کہ میں آج ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دے سکتا، مجھ سے پی ٹی آئی نے کل تک وقت مانگا ہے، مجھے کل تک کا وقت دیں، کل پی ٹی آئی کی طرف سے جواب آئے گا۔
یقین ہے پی ٹی آئی والے کل مثبت جواب دیں گے، بلاول
رات تقریباً پونے ایک بجے یہ ملاقات اختتام کو پہنچی، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کی۔