کراچی میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 3 غیر ملکی ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے جب کہ متعدد گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں
کراچی کے مختلف علاقوں میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی آواز ملیر، ڈیفنس، ناظم آباد اور کریم آباد تک سنی گئی جب کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، دھماکے کے بعد دھویں کے بادل نظر آرہے ہیں، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔
دھماکے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بھجانے میں مصروف رہیں۔
کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل آصف اعجاز شیخ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس وقت دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ واضح نہیں ہے۔
تاہم نجی نیوز چینل جیو سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ دھماکا مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے ہوا، جس میں ایک غیر ملکی بھی زخمی ہوا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا تھاکہ اطلاعات ہیں دھماکا آئی ای ڈی ہے، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیر ملکی شہری سوار تھے، دھماکے کے نتیجے میں ایک غیر ملکی شہری زخمی ہوا۔
حکومت سندھ کے محکمہ ریسکیو 1122 کے اہلکار نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لاش اور متعدد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 7 گاڑیوں، 2 رکشوں، 2 موٹرسائیکلوں اور پولیس موبائل کو آگ لگنے سے نقصان پہنچا، مبینہ خودکش حملہ آور کی باقیات کو بھی ہسپتال میں لایا گیا۔