پاکستان نے قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں دوحہ کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہیں گے۔ وزیراعظم نے اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کے لیے قطر کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔