نوابشاہ:
ایف آئی اے نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے جاری کردہ 70 کروڑ سے زائد کے فنڈز میں خورد برد کے کیس میں 4 پروفیسرز سمیت قائد عوام یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس کو گرفتار کرلیا۔ 4 پروفیسرز سمیت 7 ملزمان مفرور ہیں۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی اے نے قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کے شہید بے نظیر آباد سرکل پر چھاپہ مار کر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس قمر دین شیخ کو گرفتار کر لیا جب کہ 7 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مفرور ملزمان میں 4 پروفیسرز شامل ہیں جن میں پروفیسر عدنان، پروفیسر پردیب کمار ہیرانی، پروفیسر عبدالناصر لغاری، پروفیسر ندیم سومرو شامل ہیں جب کہ ایف آئی آر میں اظہر علی اور سید منصور علی شاہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی اے سرکل نواب شاہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر افروز کلواڑ نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے یونیورسٹی کو جاری کیے گئے 70 کروڑ روپے کے فنڈز میں خورد برد کی وجہ سے کارروائی کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس قمر دین شیخ اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیش جاری ہے اور بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا، جبکہ گرفتار اور مفرور ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔
فاروق جونیجو عبرت نیوز شہید بینظیرآباد