آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں گزشتہ روز آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی۔
منگل کو راولپنڈی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ساتواں میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان شیڈول تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہیں ہوسکا تا جس کے باعث میچ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا دونوں کو ایک، ایک قیمتی پوائنٹ مل گیا۔
گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی ہے کیونکہ چاروں ٹیمیں اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
گروپ بی کی صورتحال
چیمپئنز ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر گروپ بی میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا 2، 2 میچز کھیل کر 3، 3 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث جنوبی افریقا پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کردی
اس کے علاوہ آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے جبکہ انگلینڈ اور افغانستان ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے۔