وفاقی حکومت نے پاکستان میں بجلی کی پیدوار اور خرید کے لیے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئرمارکیٹ بنانے کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی شعبے میں چوری اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے اقدامات تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے ملک کے توانائی شعبے کی اصلاحات کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور خرید کے لیے ایک انڈپینڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے انڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) کی تشکیل کی اصولی منظوری دے دی، جس کی کابینہ سے توثیق لی جائے گی۔