کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )سندھ حکومت نے سٹریٹ کرائم کے خلاف دو طرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی سندھ کا 30 واں اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار، وزیر اطلاعات شرجیل میمن، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہرصورت دہشتگردی، ڈرگ مافیا کا خاتمہ اور امن امان کی بحالی چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے میں ڈاکوو¿ں اور کراچی میں سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے پہلے بھی امن بحال کیا اور اب بھی کریں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ سٹریٹ کرائم کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں جبکہ اجلاس میں سٹریٹ کرائم کے خلاف دو طرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت چوری کا سامان جس بازار میں فروخت ہوتا ہے وہاں بھی کارروائی ہوگی۔
ایپکس کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سٹریٹ کرمنلزکے مکمل ڈیٹا پرپولیس کی سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ باقاعدہ کام کریں گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ سٹریٹ کرائم کو ختم کرنے کیلئے سخت کارروائی کریں۔