حیدرآباد : سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی خصوصی ھدایت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما راول شرجیل میمن نے ٹنڈو جام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیتی ہے* انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ مسلسل ماڈل حلقہ رہا ہے جہاں عوامی بہبود کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
راول شرجیل میمن نے بتایا کہ اب تک کئی پیور بلاک کی اسکیمز دی جا چکی ہیں جن کا مقصد بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمارے فیز ون میں 9 لاکھ پیور بلاک تقسیم کیے گئے تھے اور فیز ٹو میں مزید دس لاکھ پیور بلاک دیے گئے ہیں، جبکہ تیسرے مرحلے میں بھی دس لاکھ بلاک فراہم کیے جائیں گے تاکہ ترقیاتی کاموں کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔”
انہوں نے بتایا کہ پیور بلاک کی مدد سے ایسے گاؤں جہاں ترقیاتی کاموں کی اشد ضرورت ہے، وہاں سڑکوں کی توسیع اور نئی سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حلقے میں کوئی ایسا گاؤں نہیں جسے پیپلز پارٹی نے ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا ہو۔راول شرجیل میمن نے بتایا کہ پی ایس 61 کے اندر تقریباً 850 گاؤں شامل ہیں جن میں لائبریریاں، پیپلز ہاؤسنگ پراجیکٹ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، اور ماڈل ٹاؤن بہاول زئور گوٹھ میں ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران پیپلز پارٹی کے نمائندے ہمیشہ اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ہر قسم کی امداد فراہم کرتے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں کی جلد از جلد بحالی ممکن ہو۔
راول شرجیل میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کو سمجھیں اور پارٹی کے پروگراموں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ سندھ اور حیدرآباد کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں اور معززین بھی ان کے ہمراھ تھے.