پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے آپریشن کے نام پر اسلام آباد میں پرامن احتجاج کے شرکا کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے از خود نوٹس کی اپیل کردی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومتی منصوبے کے پیش نظر تحریک انصاف کے پرامن احتجاج کے فی الوقت منسوخی کا اعلان کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا، مینڈیٹ چور فسطائیوں کی ایما پر سرکاری مشینری کی گولیوں سے درجنوں نہتے بے گناہ کارکنوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا جن میں سے 8 کے کوائف اب تک ہمارے پاس آ چکے ہیں۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پرامن احتجاج کے لیے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب کے اضلاع سے آگ اور خون کا دریا عبور کر کے مکمل پرامن انداز میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
اسلام آباد میں سڑکیں آج کھولنے کا اعلان، اسکولوں کی چھٹی پر ابہام
پی ٹی آئی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی میزبانی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے بھی بے حد مشکور ہیں، ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دنیا بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر تاریخی احتجاج کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے بھی شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائے گا، حقیقی آزادی ہماری منزل ہے، جدوجہد کرتے رہیں گے۔
گرینڈ آپریشن کے دوران 450 کارکنان گرفتار
دوسری طرف پولیس نے اسلام آباد میں شرپسند مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 450 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔